Type Here to Get Search Results !

کراچی تا کشمیر ملک بھر کے موسم کا احوال۔۔ بارشوں کے نئے اسپیل کا امکان

مون سون ہواؤں کے سبب پنجاب، کشمیر اور خیبر پختون خواہ میں بادل جم کر برسینگے
آیندہ 24/48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم رہے گا، تاہم پنجاب کے شمال مشرقی حصوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔


مون سون کا نیا اسپیل ملک کے بالائی علاقوں میں 20 ستمبر سے بارشیں برسانے کا سلسلہ شروع کریگا، نئے اسپیل کے سبب اسلام آباد سمیت پنجاب کے بالائی اور مغربی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد میں بھی بارشوں کے امکانات بن سکتے ہیں۔ اگلے ہفتے کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی حصوں میں بھی کہیں کہیں بارش ہونے کے امکانات بن سکتے ہیں۔

نئے اسپیل کے سبب پشاور سمیت خیبر پختون خواہ کے شمال مشرقی اور مغربی حصوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی اس دوران گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بلوچستان کے شمال مشرقی حصوں اور کچھ وسطی حصوں میں بھی گرج چمک کے بادل بننے کا عمل جاری رہیگا  جو ان علاقوں میں بارش ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔

سندھ بھر میں گرمی جاری۔۔ 21 ستمبر سے بارشوں کا امکان
سندھ کے اکثر علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپٹ میں ہیں تاہم بھارت میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے سبب 21 یا 22 ستمبر سے سندھ کے شمال مشرقی، مشرقی، وسطی، جنوبی اور مغربی حصوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش ہونے کے امکانات ہیں۔
کراچی کا موسم بہتر ہونے جا رہا ہے۔۔ بارش کے امکانات بھی بن سکتے ہیں
شہر قائد کراچی میں بھی گرمی کا راج ہے جو کہ سمندری ہواؤں کے نہ ہونے کے سبب گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا باعث بن رہا ہے تاہم ہفتے کے روز سے کراچی شہر میں گرمی کی شدت میں کمی اور سمندری ہواؤں کی واپسی کا امکان ہے۔

بھارت میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے سبب اور بحیرہ بنگال میں بننے والے نئے کم دباؤ سسٹم کی وجہ، اُسکے پھیلاؤں  اور موسمی حالات اگر سازگار رہے تو کراچی میں بھی 21 یا 22  ستمبر کے دوران کچھ بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے تاہم مون سون اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے اس لیے حتمی پیشن گوئی کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ 

اکتوبر میں موسم گرم اور سمندری طوفان کا امکان کم
اکتوبر کا مہینہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی کراچی کے لیے زیادہ تر خُشک اور گرم رہیگا، فلحال مون سون کا سیزن ختم ہونے کے بعد بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بننے کے امکانات کم نظر آرہے ہیں۔ 

اویس حیدر، موسمی تجزیہ کار
پاک ویدر

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.